جسم میں اچھے کولسٹرول کو بڑھانے کے بہترین طریقے


595f6139-4ce0-44ab-bac8-ec7e9c200c8b_16x9_600x338

جسم میں اچھے کولسٹرول کو بڑھانے کے بہترین طریقے

اچھا کولسٹرول یعنی HDL ، انسانی جسم میں اعلی کثافت لیپو پروٹین کو کہا جاتا ہے۔ یہ خراب کولسٹرول کو خون کی شریانوں میں جمع ہونے سے روکتا ہے۔ لہذا اچھے کولسٹرول کی سطح میں اضافہ دل اور شریانوں کے امراض سے بچاؤ کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

متعدد مفید اقدامات کے ذریعے خراب کولسٹرول کو کم اور اچھے کولسٹرول کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ ان میں صحت مند غذائی نظام کو اپنانا ، ورزش کرنا ، اضافی وزن سے چھٹکارہ پانا اور سگریٹ نوشی ترک کردینا شامل ہیں۔
اس سلسلے میں غذائی ماہرین حتی الامکان ایسی غذاؤں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہیں جو غیر صحت بخش چکنائی پر مشتمل ہوتی ہیں بالخصوص Trans Fats جس کے انسانی صحت پر بدترین اثرات ہوتے ہیں۔ یہ انسانی جسم میں اچھے کولسٹرول کو کم اور خراب کولسٹرول کو بڑھا دیتی ہیں۔ آپ اپنے غذائی نظام میں یک ناسیر شدہ چکنائی کو داخل کر کے اچھے کولسٹرول کی سطح میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
صحت سے متعلق ویب سائٹ "بولڈ اسکائی” پر بتائی گئی ہدایات کے مطابق مچھلی کا کثرت سے استعمال خون میں اچھے کولسٹرول کو بڑھانے کا ذریعہ ہے۔ اس کی وجہ مچھلی میں بڑی مقدار میں پایا جانے والا اومیگا-3 اور اومیگا-6 مواد ہے۔
چاکلیٹ کے دل دادہ افراد کے لیے یہ مفید معلومات ہے کہ گہری رنگت کی چاکلیٹ اچھے کولسٹرول کو بڑھانے میں مدد کرتی ہے۔
ان کے علاوہ اچھے کولسٹرول کی سطح کو بڑھانے والے غذائی مواد میں مختلف قسم کے خشک میوہ جات بھی شامل ہیں۔ اس مقصد کے لیے روزانہ ایک مٹھی خشک میوہ (بادام ، پستہ ، مونگ پھلی اور بندق) کو کھایا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں روزانہ کی بنیاد پر کرین بیری کا جوس پینا ، چکوترہ کھانا اور جئی کا استعمال کرنا ان سے بھی اچھے کولسٹرول میں قابل ذکر حد تک اضافہ ہوتا ہے۔
انگور بھی ان پھلوں میں شامل ہے جو اچھے کولسٹرول کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ بلند فشار خون کو کم کرتا ہے۔
غذائی ماہرین ہدایت کرتے ہیں کہ دن میں دو کھانوں کے بجائے چھ چھوٹے کھانے کھائیں جائیں۔ اس سے بھی نقصان دہ کولسٹرول کم ہوتا ہے اور صحت بخش کولسٹرول میں اضافہ ہوتا ہے۔
عام طور پر اپنی خوراک میں سبزیوں پر مشتمل غذاؤں کو شامل رکھنے والے اور سرخ گوشت کو کم کرنے والے افراد ، بآسانی خون میں خراب کولسٹرول کو کم کرنے اور اچھے کولسٹرول کو بڑھانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

بشکریہ العریبیہ اردو)
http://urdu.alarabiya.net/ur/editor-selection/2016/07/04/-%D8%AC%D8%B3%D9%85-%D9%85%DB%8C%DA%BA-%D8%A7%DA%86%DA%BE%DB%92-%DA%A9%D9%88%D9%84%D8%B3%D9%B9%D8%B1%D9%88%D9%84-%DA%A9%D9%88-%D8%A8%DA%91%DA%BE%D8%A7%D9%86%DB%92-%DA%A9%DB%92-%D8%A8%DB%81%D8%AA%D8%B1%DB%8C%D9%86-%D8%B7%D8%B1%DB%8C%D9%82%DB%92.html

Advertisements